کرونا ویکسین: پاکستان نےایک اورسنگ میل عبور کرلیا

وفاقی وزیر اسد عمر نے بتایا ہے کہ پاکستان میں پیر 3 مئی کو پہلی بار ڈیڑھ لاکھ سے زائد افراد کو کرونا وائرس سے بچاؤ کی ویکسین لگا ئی گئی ہے۔

منگل کو ٹویٹ کرتے ہوئے اسد عمر نے بتایا کہ پاکستان میں پہلی بار تین مئی کو 1 لاکھ 64 ہزار سے زائد افراد کوکرونا وائرس سے بچاؤ کی ویکسین لگائی گئی ہے۔

پیر کے روز سے 40 سال سے زائد عمر افراد کی ویکسینیشن بھی شروع کی گئی ہے۔ این سی او سی نے بتایا ہے کہ اب تک ملک میں 27 لاکھ 66 ہزار 108 شہریوں کو ویکسین لگ چکی ہے۔

منگل کو این سی او سی نے بتایا ہے کہ ملک بھرمیں 24 گھنٹے کے دوران کرونا وائرس سے مزید 161 افراد انتقال کرگئےاور اموات کی مجموعی تعداد 18 ہزار310 ہوگئی ہے۔

این سی او سی کے مطابق 1 دن میں کرونا وائرس کے 3 ہزار 377 کیسز رپورٹ ہوئے۔24 گھنٹے میں کرونا وائرس کےمثبت کیسز کی شرح آٹھ اعشاریہ نو آٹھ فیصد رہی۔

اس وقت کرونا کے فعال کیسز کی تعداد86 ہزار 151 ہے۔کرونا وائرس سے صحت یاب ہونے والوں کی تعداد 7 لاکھ 33 ہزار62 ہے جبکہ مجموعی کیسز کی تعداد 8 لاکھ 37 ہزار523 ہوگئی ہے۔ ملک کے 631 مختلف اسپتالوں میں 6 ہزار 464 مریض زیرعلاج ہیں۔

این سی او سی نے مزید بتایا کہ بہاولپور میں 56، ملتان میں 76 فیصد، لاہور 67، گوجرانوالہ میں 62 فیصد وینٹیلیٹرز بھرچکے ہیں۔ صوابی میں 67 فیصد، پشاور میں 63 فیصد، سوات میں 66 فیصد اور لاہور میں 56 فیصد آکسیجن بیڈز پر مریض موجود ہیں۔

متعلقہ خبریں