کرونا ویکسین کی کمی عارضی ہے،جلد دور کرلیں گے،ڈاکٹر فیصل

عوام کو چاہئے کہ وہ ایس او پیز پر عمل درآمد جاری رکھیں

ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا ہے کہ کرونا ویکسین کی کمی عارضی ہے اور بہت جلد اس کو دور کرلیا جائےگا۔

وزيراعظم کےمعاون خصوصی ڈاکٹر فيصل سلطان نے کہا ہے کہ کرونا ويکسين کی کمی چند روز کے ليے ہے اور20 جون کے بعد يہ دور ہوجائے گی اور مزید بہتری آئے گی۔

ڈاکٹر فیصل نے واضح کیا کہ جن لوگوں نے پہلی ڈوز لگوالی ہے، وہ دوسری ڈوز کے ليے پريشان نہ ہوں کیوں کہ دوسری ڈوز چند روز يا ہفتوں کی تاخير سے بھی لگوائی جاسکتی ہے۔اس تاخیر سے پہلی ڈوز کا اثر زائل نہیں ہوتا۔

 انھوں نے مزید بتایا کہ اس وقت میں ملک میں 20 لاکھ ویکسین کی ڈوز موجود ہیں اور یہ عمل چلتا رہے گا۔ معاون خصوصی نے کہا کہ عوام ويکسين لگوانے کے لیےعملے سے تعاون کريں۔ عوام کو چاہئے کہ وہ ایس او پیز پر عمل درآمد جاری رکھیں۔

اس کےعلاوہ معاونِ خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا تھا کہ 18 سال و زائد عمر والے افراد جو سعودی عرب جانے کے خواہشمند ہیں وہ ضروری دستاویزات دیکھا کر اسٹرازینیکا اور فائزر ویکسین لگواسکیں گے۔

اس سے قبل ایسٹرازینکا ویکسین 40 سال اور زائد عمر کے افراد کو لگائی جارہی تھی۔دوسری جانب پاکستان میں 18 سے 30 سال تک عمر کے افراد کو سائنوویک ویکسین لگائی گئی ہے۔

اس سےقبل ڈاکٹر فیصل سلطان نے ایک ہفتہ قبل فائزر ویکسین ملک کے 15 شہروں میں صرف کمزور قوت مدافعت والے افراد کو لگانے کا اعلان کیا تھا۔

متعلقہ خبریں