کرونا کے بڑھتے کیسز:عدالتوں کیلئےنئے ایس او پیز جاری

فائل فوٹو

ملک بھر میں بڑھتے کرونا وائرس کے کیسز اور پانچویں لہر میں تیزی کے بعد اسلام آباد ہائی کورٹ نے کرونا وائرس سے متعلق نئے ایس او پیز جاری کردیئے۔

اسلام آباد ہائی کورٹ کی جانب سے جاری نئی ہدایات کے مطابق ہائی کورٹ اور ماتحت عدالتیں ہفتے میں5 روز کام کریں گی، ہفتے اور اتوار کے روز اسلام آباد ہائی کورٹ اور ماتحت عدالتیں بند رہیں گی۔

نئے ایس او پیز کے تحت ضمانت، حبس بے جا اور اہم نوعیت کے کیسز سماعت کیلئے مقرر کیے جائیں گے۔  جب کہ کرونا کا شکار ہونے والے ملازمین 5 روز کیلئے قرنطینہ میں رہیں گے۔

نئے احکامات کی روشنی میں عدالتوں میں درخواست دائر کرتے وقت بیان حلفی کی بائیو میٹرک تصدیق پر پابندی عائد ہوگی، علاوہ ازیں ہائی کورٹ ماتحت عدالتوں کے ملازمین کو بائيو ميٹرک حاضری سے استثنیٰ حاصل ہوگی۔

منگل کی صبح جاری اعداد و شمار کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کرونا وائرس کے کیسز میں تشویش ناک اضافہ جاری ہے، جہاں مثبت کیسز کی شرح 22 فیصد سے زیادہ ہوگئی۔

ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر زعیم ضیاء کے مطابق اسلام آباد میں کرونا کیسز کی شرح میں ریکارڈ اضافہ ہوا ہے اور یہ اب تک کی بلند ترین سطح پر ہے۔ انہوں نے بتایا کہ گزشتہ روز اسلام آباد میں کرونا کے 8 ہزار 234 ٹیسٹ کیے گئے جن کے نتیجے میں 1 ہزار 836 افراد میں کرونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔

ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر زعیم ضیاء نے یہ بھی بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران شہرِ اقتدار میں کرونا وائرس کے مثبت کیسز کی شرح 22 اعشاریہ 30 فیصد ریکارڈ کی گئی۔ اسلام آباد کی انتظامیہ کی جانب سے کرونا وائرس کے کیسز میں اضافے والے علاقوں میں بند کی جانے والی گلیوں میں نقل و حرکت جاری ہے۔

دوسری جانب پاکستان کرونا مریضوں کے حوالے سے مرتب کی گئی فہرست میں 43 ویں نمبر پر پہنچ چکا ہے، تاہم یہاں کرونا کیسز کی شرح میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے اور یہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 12 اعشاریہ 81 فیصد ریکارڈ کی گئی۔

واضح رہے کہ اس سے قبل 21 جنوری کو جاری اطلاعات کے مطابق وفاقی دارالحکومت کی ضلع کچہری میں 15 ججز کے کرونا وائرس میں مبتلا ہونے کی تصدیق ہوئی تھی۔ جب کہ ضلع کچہری میں مختلف عدالتوں کے 58 اہلکار بھی کرونا میں مبتلا ہوگئے تھے۔

بڑی تعداد میں کیسز سامنے آنے کے بعد انتظامیہ کی جانب سے کرونا کا شکار ججز کی عدالتیں بند کرکے انہیں ڈس انفکیٹ کیا گیا تھا۔

تازہ ترین

لاہور: تعلیمی اداروں میں بچوں، اساتذہ کےکرونا ٹیسٹ کرنیکا فیصلہ
خانپور ڈیم میں کشتی الٹ گئی، خاتون ٹیچر جاں بحق
بھارت کا یوم جمہوریہ، کشمیری کل یوم سیاہ منائیں گے
ایکسائزڈیوٹی کی عدم ادائیگی،پی آئی اے کےبینک اکاؤنٹس منجمد