کرینہ نے تیمورکوکرونا کی اہمیت ‘ ٹام اینڈجیری’ دکھاکرسمجھادی

تصویر: سماء ڈیجیٹل

بالی ووڈ اداکارہ کرینہ کپور نے اپنے بیٹے کو کرونا کیخلاف ویکیسن کی اہمیت بتانے اور عوام کو ویکیسن لگوانے کا پیغام دینے کیلئے معروف کارٹون کیریکٹرز ٹام اینڈ جیری کی مدد لی ہے۔

کرینہ نےانسٹا گرام پر بچوں کے پسندیدہ کارٹون کا ایک ویڈیو کلپ شیئرکیا ہے، اس ایڈٹ شدہ کلپ میں تیزطرارٹام کو کرونا سےتشبیہہ دیکربندوق پکڑے دکھایاگیا ہے لیکن اس بار جیری حاوی ہے کیونکہ اس کا مدافعتی نظام ویکسین پہلی اور دوسری ڈوزکے بعد اتنا طاقتور ہوچکا ہے کہ کرونا یعنی جیری کو دُم دبا کربھاگتے ہی بنے۔

کرینہ نے کیپشن میں اس حوالے سے اپنے پیغام میں لکھا ” ہمیں اندازہ نہیں ہے کہ جو کچھ ہورہا ہے ہمارے بچے اسے جذب کررہے ہیں اور وہ خوفزدہ بھی ہیں۔

بڑے بیٹے تیمور کو یہ ویڈیو دکھانے سے متعلق اداکارہ نے لکھا ” ہم ٹم ( تیمور) سے بات کرتے ہوئے اسے بتانے کی کوشش کررہے تھے کہ تمام بالغان کو ویکسین لگوانے کی ضرورت کیوں ہے اورمیرا خیال ہے اسے اچھی طرح سمجھ آ گئی ہے ، یہ واقعی اتنا آسان ہے”۔

کرینہ نے مزید واضح کیا کہ جیسے ہم اپنے بچوں کو سمجھاتے ہیں ، ہمیں بھی صبر کرنے کی ضرورت ہے اورمیڈکس، فارما، حکام اور لاکھوں رضاکاروں کی مدد کرنے کی ضرورت ہے جو کرونا سے نمٹنے کیلئے ہماری مدد کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔ برائے مہربانی ویکیسن کیلئے خود کو رجسٹرکروائیں اور اپنی باری کا انتظارکریں۔

بھارت میں جمعرات 29 اپریل کی شام تک 18 ملین سے زائد کرونا کیسز اور 2 لاکھ 4 ہزار832 سے زائد اموات رپورٹ ہوچکی ہیں، اتنی بڑی تعدادمیں کیسز اور اموات سے بھارت دنیا میں کرونا سے سب سے زیادہ متاثرہونے والا ملک بن چکا ہے۔