پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ فلسطین اور کشمیر کے تنازعات حل کیے بغیر مشرق وسطیٰ اور جنوبی ایشیا میں امن قائم نہیں ہو سکتا، جنرل اسمبلی اپنا ذمہ دارانہ کردار ادا کرے۔
جمعرات کو اسلام آباد میں قوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے صدر وولکن بوزکر کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی کا مزید کہنا تھا کہ امن سکیورٹی قراردادوں کے مطابق مسائل کے حل میں ہے۔
انہوں نے فلسطین اور انڈیا کے زیر انتظام کشمیر کے تنازعات کو مشابہہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اقوام متحدہ کو اس کے حل کے لیے کردار ادا کرنا چاہیے۔
مزید پڑھیں
وزیر خارجہ نے پچھلے دنوں فلسطین میں بننے والی صورت حال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہاں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں ہوئیں۔
بقول ان کے ’فلسطین میں معصوموں کو قتل کیا گیا، ہسپتالوں کو ٹارگٹ کیا گیا جبکہ ریڈ کراس کو بھی نشانہ بنایا گیا۔‘
شاہ محمود قریشی نے اقوام متحدہ کی اہمیت کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس کے زیرسایہ ہونے والے خصوصی اجلاس کے دوران فلسطین میں جنگ بندی کی خبر سامنے آئی۔
ان کے مطابق اقوام متحدہ قیام امن میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔
انہوں کا یہ بھی کہنا تھا کہ فسلطین اور انڈیا کے زیرانتظام کشمیر کے تنازعات کئی عشروں سے اقوام متحدہ کے ایجنڈے پر ہیں، اس کو اپنا ذمہ دارانہ کردار ادا کرنا چاہیے۔
ان کا کہنا تھا کہ ’یہ آگ اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عمل سے ہی بجھ سکتی ہے۔‘

وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ فلسطین میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں ہوئیں (فوٹو: اے ایف پی)