کنگز کو اہم میچ میں 6وکٹوں سے شکست

فوٹو: پی ایس ایل

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 6 کے اہم میچ میں پشاور زلمی نے کراچی کنگز کو بآسانی 6 وکٹوں کے ساتھ شکست دیدی۔

 ابوظہبی میں جاری پاکستان سپر لیگ کے میچ میں پشاور زلمی کے کپتان وہاب ریاض نے ٹاس جیت کر کراچی کنگز کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی، بابراعظم اور شرجیل خان نے اننگز کا آغاز کیا تاہم بابراعظم بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے۔ مارٹن گپٹل بیٹنگ کےلیے آئے لیکن وہ بھی 4 رنزکے مہمان ثابت ہوئے۔

وکٹ کیپر بیٹسمین چاڈوک والٹن بھی جلد کھولنے کی زحمت نہ کی اور شرجیل خان 25 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔ والٹن اور عامر یامین بھی بابراعظم کی طرح صفر پر آؤٹ ہوئے اسی طرح محمد عامر محض ایک رن پر رن آؤٹ ہوگئے۔

کراچی کی ٹیم کے مجموعی 108 کے اسکور میں نجیب اللہ نے17، عماد وسیم نے19، عباس آفریدی نے27، وقاص محمود نے 7 رنز بنائے۔ عباس آفریدی اور نور احمد ناٹ آؤٹ رہے۔

پشاور زلمی کی جانب سے وہاب ریاض نے 3، سمین گل نے 2 اور ابرار احمد نے تین وکٹیں حاصل کیں۔

کنگز کے ہدف کے تعاقب میں پشاور زلمی نے بیٹنگ شروع کی، کامران اکمل دوسرے اوور میں 9 رنز بناکر عامر یامین کی گیند پر آؤٹ ہوگئے۔ نویں اوور میں حضرت اللہ 26 گیندوں پر 63 رنز بناکر عماد وسیم کی گیند پر پویلین لوٹ گئے۔ انہوں ںے چار چھکے اور آٹھ چوکے لگائے۔

شعیب ملک صفر پر واپس لوٹ گئے انہیں عماد وسیم کی گیند پر مارٹن نے کیچ آؤٹ کیا۔ حیدر علی نے 16 رنز اسکور کیے۔ 10 اوور کے اختتام تک ٹیم کا مجموعی اسکور 100 ہوا اور اس کے چار کھلاڑی آؤٹ ہوچکے بعدازاں باآسانی زلمی نے اپنا ہدف 54 گیندوں قبل اور 6 وکٹیں محفوظ رکھتے ہوئے حاصل کرلیا۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز کراچی کنگز کو اسلام آباد یوناتیٹڈ کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا جس کے بعد کنگز کے لیے یہ میچ جیتنا اہم تھا۔