کوئٹہ کی مقامی عدالت نے کروڑوں روپے کی خورد برد کا جرم ثابت ہونے پر نیشنل بینک کے سابق برانچ منیجر اور شریک جرم کو 27 سال قید کی سزا سنادی۔ بینکنگ فراڈ کا مقدمہ وفاقی تحقیقاتی ادارے ایف آئی اے کی جانب سے دائر کیا گیا تھا۔
مقدمے کے مطابق نیشنل بینک زیارت برانچ کے سابق منیجر عبدالقیوم اور منظور احمد نے سرکاری فنڈز سے 13 کروڑ 11 لاکھ روپے سے زائد رقم خورد برد کی تھی۔
ڈائریکٹر ایف آئی اے بلوچستان کی سربراہی میں فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی کی ٹیم نے مجرمان کیخلاف چالان اور شواہد بینکنگ کورٹ کوئٹہ میں جمع کرائے تھے۔
بینکنگ کورٹ کوئٹہ کے جج منیر احمد مری نے جرم ثابت ہونے پر عبدالقیوم اور منظور احمد کو مجموعی طور پر 27 سال قید بامشقت اور 6 کروڑ 50 لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنادی۔
عدالت نے حکم دیا ہے کہ جرمانے کی عدم ادائیگی کی صورت میں مجرمان کو مزید 2 سال اور 6 ماہ کی قید کاٹنا ہوگی۔
اس سے قبل 22 اپریل کو بھی کوئٹہ کی مقامی عدالت نے کروڑوں روپے کی خورد برد کا جرم ثابت ہونے پر نجی بینک کے سابق برانچ منیجر کو 28 سال قید کی سزا سنائی تھی۔
رپورٹ کے مطابق مسلم کمرشل بینک حب چوکی برانچ کے سابق منیجر سید ابن الحسن نقوی نے 3 سال قبل لسبیلہ انڈسٹریل اسٹیٹ ڈیولپمنٹ اتھارٹی (لیڈا) کے فنڈز میں 2 کروڑ روپے کا غبن کیا تھا۔
متعلقہ خبریں