کوئٹہ میں خاتون نے بیک وقت پانچ بچوں کو جنم دیا ہے۔ ڈاکٹر کا کہنا ہے کہ بچوں کی پیدائش بغیر آپریشن کے ہوئی، بچے اوران کی والدہ صحت مند ہیں۔
کوئٹہ کے علاقے مشرقی بائی پاس کے رہائشی ولی جان عرف طور جان اچکزئی کی شادی کے بعد پہلی مرتبہ ان کے ہاں بچوں کی پیدائش ہوئی ہے۔ گذشتہ سال مارچ میں لاک ڈاؤن کے دوران ولی جان کی شادی ہوئی تھی۔
بچوں میں تین لڑکے اور دو لڑکیاں ہیں جن کی ولادت کوئٹہ کے علاقے خروٹ آباد میں قائم ایک نجی ہسپتال میں ہوئی۔ ہسپتال کی انتظامیہ نے والدین کی خوشی میں شریک ہونے کے لیے بچوں کی مفت دیکھ بھال اور علاج کا اعلان کیا ہے۔ ہسپتال کی انتظامیہ نے اس موقع پر مٹھائی بھی تقسیم کی۔
مزید پڑھیں
ہسپتال کے منیجنگ ڈائریکٹر منظور خان کاکڑ نے اردو نیوز کو بتایا کہ ’حاملہ خاتون کو منگل کو ہسپتال لایا گیا تھا، ڈاکٹروں اور عملے کے ارکان کی کوششوں سے بچوں کی پیدائش آپریشن کے بغیر ہوئی۔‘
انہوں نے بتایا کہ بچوں کی پیدائش قبل از وقت ہوئی تاہم سب کی حالت بہتر ہے۔ انہیں انتہائی نگہداشت یونٹ میں انکیوبیٹر میں رکھا گیا ہے جہاں ان کی دیکھ بھال کی جا رہی ہے۔
منظور خان کاکڑ کے مطابق ایک بچہ باقیوں کی نسبت زیادہ تندرست اور وزنی ہے جبکہ باقی بچوں کا وزن عام نوزائیدہ بچوں کی نسبت کم ہے۔
ولی جان اچکزئی نے اردو نیوز سے بات کرتے ہوئے بچوں کی پیدائش پر خوشی کا اظہار کیا اور کہا کہ ’اللہ نے انہیں شادی کے صرف ایک سال بعد ہی ایک ساتھ پانچ بچوں کا تحفہ دیا ہ ےجس پر وہ اللہ تعالیٰ کے شکر گزار ہیں.‘

ہسپتال کی انتظامیہ نے بچوں کی مفت دیکھ بھال اور علاج کا اعلان کیا ہے (فوٹو: اردو نیوز)