کوئٹہ میں دھماکا، ایف سی اہلکار سمیت5افراد زخمی

کوئٹہ: دھماکے کی جگہ کا منظر

کوئٹہ کے علاقے قمبرانی روڈ پر دھماکے سے ایف سی اہلکار سمیت 5 افراد زخمی ہوگئے۔

کوئٹہ کے علاقے قمبرانی روڈ پر بشیر چوک کے قریب بم دھماکہ اس وقت ہوا جب ایف سی 64 ونگ کے موٹر سائیکل سوار اہلکار علاقے میں گشت کر رہے تھے۔

پولیس کے مطابق دھماکے کے نتیجے میں ایک ایف سی اہلکار سمیت 5 افراد زخمی ہوگئے جنہیں فوری طبی امداد کےلیے اسپتال منتقل کردیا گیا۔

دھماکے کے بعد پولیس اور ایف سی موقع نےجائے وقوعہ کو گھیرے میں لیکر شواہد اکھٹے کرنے شروع  کردیئے، جب کہ بم ڈسوزل اسکواڈ کا عملہ بھی موقع پر پہنچ گیا۔ بی ڈی ایس کے مطابق دھماکا خیز مواد سڑک کنارے نصب کیا گیا تھا۔ دھماکا خیز مواد دیسی ساختہ تھا، جسے بشیر چوک پر نصب کیا گیا۔

سیکورٹی اہلکاروں نے دھماکے کے بعد متعدد مشکوک افراد کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔

دوسری جانب وزیراعلیٰ اور صوبائی وزیرداخلہ بلوچستان نے بم دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے متعلقہ حکام سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل جمعہ 21 مئی کو بلوچستان کے علاقے چمن میں فلسطین کے حق میں ریلی کے دوران دھماکے سے 6 افراد جاں بحق، جب کہ 14 سے زائد زخمی ہوئے تھے۔

دھماکا جے یو آئی نظریاتی گروپ کے مولانا عبدالقادر لونی کی گاڑی کے قریب ہوا تھا۔