کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کا لاہورقلندرز کو جیت کیلئے 159رنز کا ہدف

پی ایس ایل 6 کے میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے لاہور قلندرز کو جیت کیلئے 159 رنز کا ہدف دیا ہے، جیک ویدرلیڈ 48 اور اعظم خان 31 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، سرفراز احمد نے ناقابل شکست 34 رنز بنائے۔

پاکستان سپر لیگ 2021ء کے 23 ویں میچ میں لاہور قلندرز نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 158 رنز بنائے۔

کوئٹہ کی جانب سے اوپنر جیک ویدرلیڈ نے 48 رنز بنائے، اعظم خان نے 33 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی، عثمان خان صفر، کیمرون ڈیل پورٹ 10 اور محمد نواز 6 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

کپتان سرفراز احمد نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 27 گیندوں پر 3 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے ناقابل شکست 34 رنز بنائے، حسن خان نے 12 رنز بنائے۔

لاہور قلندرز کی جانب سے جیمز فولکنر نے 3، محمد حفیظ اور راشد خان نے ایک ایک شکار کیا۔

پاکستان سپر لیگ2021ء میں لاہور قلندرز 10 پوائنٹس کے ساتھ دوسری پوزیشن پر ہے جبکہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کا 2 پوائنٹس کے ساتھ آخری نمبر ہے۔

ایونٹ میں اس سے قبل ہونیوالے دونوں ٹیموں کے درمیان گروپ کے پہلے میچ میں لاہور قلندرز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 9 وکٹوں سے شکست دی تھی۔

سرفراز الیون کا اگلا مقابلہ کل (16 جون کو) ملتان سلطانز سے جبکہ 19 جون کو کراچی کنگز سے ہوگا۔

متعلقہ خبریں