جاپان کی حکومت نے آئندہ ماہ شروع ہونے والے ٹوکیو گیمز کے لیے کچھ کورونا متاثرہ ممالک کے کھلاڑیوں پر سخت قوانین عائد کیے ہیں۔ انڈیا نے اس عمل کو ‘غیر منصفانہ’ قرار دیا ہے۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق ٹوکیو 2020 کی انتظامیہ نے پیر کو کہا ہے کہ انڈیا سمیت کچھ ممالک سے کورونا وائرس پھیلنے کے خطرات کم کرنے کے لیے اضافی اقدامات کیے جائیں گے۔ یہ وہ ممالک ہیں جہاں کورونا وائرس کی مختلف اقسام ‘زیادہ اثر ہوا ہے’۔
مزید پڑھیں
نئے اقدامات کے تحت جاپان روانگی سے ایک ہفتہ قبل سے ایسے ایتھلیٹس کے روزانہ ٹیسٹ کیے جائیں گے۔ ایتھلیٹس کو جاپان پہنچنے کے بعد ‘ تین دن تک دیگر ٹیموں کے ساتھ ملنے جلنے سے گریز کرنا ہوگا۔’
انڈین اولمپک ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ ان اقدامات کی وجہ سے ایتھلیٹس ٹریننگ کے تین اہم دنوں سے محروم ہو جائیں گے۔
انڈین اولمپک ایسوسی ایشن کے صدر نریندر بترا اور سیکرٹری راجیو مہتا نے سنیچر کو جاری ہونے والے ایک مشترکہ بیان میں کہا کہ ‘ایتھلیٹس کو گیمز ولیج میں تقریب کے صرف پانچ دن قبل جانے کی اجازت ہوگی۔’
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ‘اس طرح تین دن ضائع ہو جائیں گے۔ ۔یہ ان ایتھلیٹس کے لیے نا انصافی کی بات ہے جنہوں نے پانچ برس محنت کی ہے۔’
ان کا کہنا تھا کہ انڈیا، پاکستان اور برطانیہ سمیت 11 ممالک پر ان سختیوں کا اثر پڑے گا۔
انڈیا کے بیان میں یہ بھی پوچھا گیا ہے کہ ‘ایتھلیٹس ان تین دنوں کے دوران ناشتہ اور دوپہر اور رات کا کھانا کب اور کہاں کھائیں گے کیونکہ باقی سب تو گیمز ولیج میں کھانا کھائیں گے جہاں ایتھلیٹس اور نیشنل اولمپکس کمیٹیوں کے افسران ہر وقت موجود ہوتے ہیں۔’

ٹوکیو اولپمکس کی انتظامیہ کا کہنا تھا کہ انڈیا پر کووڈ کے ویرینٹس کا زیادہ اثر ہوا ہے۔ (فائل فوٹو: ان سپلیش)