جاپان میں منتظمین نے ٹوکیو اولمپکس میں تماشائیوں کی شرکت پر پابندی عائد کردی ہے۔
فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق منتظمین نے جمعرات کو کہا کہ ’اب ٹوکیو اولمپکس تماشائیوں کے بغیر منعقد ہوں گے۔‘
’یہ فیصلہ کورونا وائرس کی شدت میں اضافے کے بعد جاپان کی جانب سے دارالحکومت میں ہنگامی حالت کے نفاذ کے تناظر میں کیا گیا ہے جو پورے ایونٹ کے دوران برقرار رہے گی۔‘
مزید پڑھیں
اگرچہ اس بات کی بہت زیادہ توقع بھی کی جارہی تھی، تاہم چند ہفتے قبل تک منتظمین کا کہنا تھا کہ ’ان کا مقصد تماشائیوں کی محدود تعداد کے ساتھ بین الاقوامی ایونٹ منعقد کرنا ہے۔‘
ٹوکیو 2020 کے صدر سیکو ہاشی موتو نے سرکاری حکام، ٹوکیو، اولمپکس اور پیرالمپکس کے نمائندوں کے مابین بات چیت کے بعد کہا کہ ’یہ افسوسناک ہے کہ ہم کھیلوں کو انتہائی محدود سطح پر پیش کر رہے ہیں، جس میں ہمیں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کا سامنا ہے۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’میں مقامی علاقوں میں رہنے والے اور ان تماشائیوں کے لیے افسوس کا اظہار کرتا ہوں جنہوں نے اولمپکس کے لیے ٹکٹ خرید رکھے تھے۔‘
ٹوکیو اولمپکس کی اورگنائزنگ کمیٹی کی سربراہ سیکو ہاشی موتو کا کہنا ہے کہ ’یہ فیصلہ آسان نہیں تھا۔‘
جاپان سمیت دنیا بھر میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ سے منتظمین کی جانب سے ایونٹ کو بھرپور انداز میں منعقد کرنے کی کوششوں کو دھچکا لگا۔

نئے شیڈول کے مطابق اولمپکس کا انعقاد 23 جولائی سے 8 اگست 2021 تک ہونا ہے (فوٹو: روئٹرز)