کورونا نے زندگی گزارنے کے لیے دنیا کے بہترین شہروں کی فہرست کو ہلا دیا

کورونا وائرس کی وبا نے جہاں دنیا کے نظام کو ہلا کر رکھ دیا وہیں زندگی بسر کرنے کے حوالے سے دنیا کے بہترین شہروں کی رینکنگ پر بھی اثر پڑا ہے۔
فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق ایک نئی تحقیق میں معلوم ہوا ہے کہ آسٹریلیا، جاپان اور نیوزی لینڈ یورپی ممالک سے رینکنگ میں اوپر چلے گئے ہیں۔
اکانومسٹ انٹیلیجنس یونٹ کے 2021 کے سروے کے مطابق نیوزی لینڈ کا شہر آکلینڈ زندگی بسر کرنے کے لیے دنیا کے بہترین شہروں میں سرفہرست ہے۔ اس کے بعد جاپانی شہروں اوساکا اور ٹوکیو کا نمبر آتا ہے۔
مزید پڑھیں
آسڑیلیا کا شہر ایڈلیڈ اور نیوزی لینڈ کا شہر ویلینگٹن بھی بالترتیب اسی فہرست میں شامل ہیں۔ ان تمام شہروں نے کورونا کی وبا کے خلاف بہت تیزی سے اقدامات کیے۔
تحقیق کے مطابق ’آکلینڈ کورونا کی وبا پر کامیابی سے قابو پانے کی وجہ سے فہرست میں پہلے نمبر پر ہے، جس کے بعد اس شہر کو لاک ڈاؤن کا سامنا نہیں کرنا پڑا۔‘
اس کے برعکس ’یورپی ممالک اس برس کے اعداد و شمار میں بہت پیچھے رہے۔‘
سروے کے مطابق ’اس سے قبل 2018-20 میں آسٹریا کا شہر ویانا سرفہرست تھا جو بارہویں نمبر آگیا ہے۔ اس فہرست میں نیچے آنے والے آٹھ شہر یورپ کے ہیں۔‘
شمالی جرمنی کا شہر ہیم برگ 34 درجے کم ہو کر 47 ویں نمبر پر آ گیا ہے۔

سروے کے مطابق آسٹریا کا شہر ویانا بارہویں نمبر آگیا ہے۔ (فوٹو: انسائیڈر)
تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ جرمنی اور فرانس کے ہسپتالوں پر وبا کی وجہ سے دباؤ بڑھا جس کے باعث ’صحت کا نظام خراب‘ ہو گیا۔
امریکی شہر ہونولولو اس فہرست میں 46 ویں سے 14 ویں نمبر آگیا جس کی وجہ اس کا کورونا کی وبا پر قابو پانا اور ویکسینیشن کے عمل کو تیز کرنا تھا۔