انڈیا میں کورونا وائرس کی شدت کے باعث رواں برس ہونے والے ٹی20 ورلڈ کپ کو متحدہ عرب امارات منتقل کر دیا گیا ہے۔
فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق انڈین کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کے سربراہ سارو گنگولی نے پیر کو اس بات کی تصدیق کی ہے کہ یہ ایونٹ اب انڈیا میں نہیں بلکہ متحدہ عرب امارات میں منعقد کیا جائے گا۔‘
مزید پڑھیں
بی سی سی آئی کے صدر کے مطابق ’انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کو اس حوالے سے آگاہ کر دیا گیا ہے کہ انڈیا اب یہ ایونٹ رواں برس اکتوبر نومبر میں متحدہ عرب امارات میں منعقد کرے گا۔‘
انہوں نے پریس ٹرسٹ آف انڈیا کو بتایا کہ ’ہم نے آئی سی سی کو باضابطہ طور پر آگاہ کر دیا ہے کہ ٹی20 ورلڈ کپ متحدہ عرب امارات منتقل کیا جاسکتا ہے۔‘
سارو گنگولی کا کہنا ہے کہ ’اس حوالے سے تفصیلات طے کی جارہی ہیں۔‘
بی سی سی آئی کے نائب صدر راجیو شُکلا کا کہنا ہے کہ ’ایونٹ کے کوالیفائرز کا انعقاد عمان میں کیا جاسکتا ہے جبکہ باقی میچز متحدہ عرب امارات کے تین وینیوز دبئی، ابوظبی اور شارجہ میں منعقد ہوں گے۔‘
انڈیا میں کورونا وائرس کی ابتر صورت حال کے پیش نظر آئی سی سی نے انڈین کرکٹ بورڈ کو ٹی20 ورلڈ کپ سے متعلق حتمی فیصلہ کرنے کے لیے جون تک ڈیڈ لائن دے رکھی تھی۔

ٹی20 ورلڈ کپ کے میچز متحدہ عرب امارات کے تین وینیوز دبئی، ابوظبی اور شارجہ میں منعقد ہوں گے (فوٹو: جیز شاہ ٹوئٹر)