کورونا کی تیسری لہر جاری، پاکستان میں ایک ہفتے میں 954 اموات
اتوار 2 مئی 2021 6:37
دیگر بڑے شہروں کی طرح لاہور میں بھی فوجی اہلکار پولیس کے ساتھ مل کر ایس او پیز پر عمل درآمد کرا رہے ہیں۔ فوٹو: اے ایف پی
پاکستان میں عالمی وبا کورونا وائرس کی تیسری لہر جاری ہے اور حکام کی جانب سے اس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ اس دوران ملک میں گزشتہ ایک ہفتے کے دوران وائرس کا شکار ہونے کے بعد 954 مریض ہلاک ہو گئے ہیں۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے اعداد وشمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا سے اموات کی تعداد 113 رہی۔
پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 45 ہزار 275 کورونا ٹیسٹ کرائے گئے جن میں سے چار ہزار 414 مثبت آئے۔ اس طرح مثبت کیسز کی شرح دس فیصد کے لگ بھگ رہی۔
مزید پڑھیں
این سی او سی کے مطابق ملک میں کورونا وائرس کے باعث اموات کی تعداد 18 ہزار سے بڑھ گئی ہے۔
پاکستان کے بڑے شہروں میں فوج کے اہلکار سول انتظامیہ کی مدد کے لیے موجود ہیں اور بڑے شہروں میں پولیس کے ساتھ مل کر کورونا کے ایس او پیز پر عمل درآمد کرا رہے ہیں۔
گزشتہ روز مختلف شہروں میں کورونا پر قابو پانے کے لیے نافذ کی گئی احتیاطی تدابیر اور اقدامات کی خلاف ورزی پر سینکڑوں مقدمات درج کیے گئے جبکہ متعدد کاروبار بند کرائے گئے۔
کورونا کے پھیلاؤ کے خدشات کے پیش نظر صوبہ پنجاب میں محکمہ اوقاف کے زیرانتظام مساجد میں رمضان کے دوران اعتکاف پر پابندی کا اعلان کیا گیا ہے۔
دوسری جانب پاکستان میں ویکسینیشن کی مہم بھی جاری ہے۔ حکام نے صحت کے شعبے سے منسلک کارکنوں کی ویکسینیشن کی مدت میں ایک ماہ کی توسیع کر دی ہے۔