کیا بالی وڈ کنگ شاہ رُخ خان کا نام عبدالرحمان تھا؟

جمعہ 25 جون 2021 21:29

انوپم کھیر شو میں شاہ رُخ خان نے بتایا کہ ان کی نانی نے انہیں کوئی اور نام دیا تھا۔ فوٹو: انڈیا ٹوڈے

بالی وڈ کے کنگ خان نے ایک بار انکشاف کیا تھا کہ ان کی نانی نے ان کا نام عبدالرحمٰن رکھا تھا۔
انڈین اخبار ہندوستان ٹائمز کے مطابق شاہ رُخ خان نے یہ بھی بتایا کہ فیصلہ کیا گیا تھا یہ نام کہیں رجسٹرڈ نہیں ہوگا، تاہم ان کی نانی پھر بھی چاہتی تھیں کہ ان کا یہ نام رکھا جائے۔
مزید پڑھیں
شاہ رخ کا کہنا تھا کہ ’بازی گر جس میں عبدالرحمٰن سٹار ہیں‘ ایسا کچھ عجیب لگتا۔
اپنے نام کے بارے میں بالی وڈ سٹار کا مزید کہنا تھا کہ ان کا موجودہ نام ان کے والد میر تاج محمد خان نے رکھا تھا، جس کا مطلب ہے ‘شہزادے جیسا چہرہ’۔
انوپم کھیر شو میں اداکار انوپم کھیر نے شاہ رُخ خان سے پوچھا تھا کہ ‘آپ کسی عبدالرحمٰن نام کے بندے کو جانتے ہیں؟’
اس پر شاہ رُخ خان کا کہنا تھا کہ ’میں جانتا کسی کو نہیں ہوں لیکن میری جو نانی تھی۔۔۔اور انہوں نے میرا نام بچپن میں عبدالرحمٰن رکھا تھا۔‘
انوپم کھیر نے پھر پوچھا ’آپ کو میرے اس سوال سے حیرانی ہوئی کہ آپ کا اصلی نام آپ کی نانی نے عبدالرحمٰن رکھا تھا؟‘
جس پر کنگ خان نے جواب دیا کہ ‘ہاں مجھے کافی حیرانی ہوئی۔ ہاں مطلب کہیں رجسٹرڈ نہیں ہوا لیکن وہ چاہتی تھی کہ میرا نام عبدالرحمٰن رہے۔ مجھے عجیب سا لگا ابھی آپ سوچو بازیگر سٹارنگ عبدالرحمٰن کچھ جمتا نہیں۔‘
انہوں نے مزید بتایا کہ ’جب میں تھوڑا سا بڑا ہوا تو میری جو کزنز ہیں وہ چھیڑتی بھی تھیں، گانا گاتی تھیں۔۔۔‘
انہوں نے یہ بھی بتایا کہ ان کے والد نے ان کا نام شاہ رخ خان اور ان کی بہن کا نام لالا رُخ رکھا تھا۔
ان کے نام کا مطلب ہے ‘شہزادے جیسا چہرہ’ لیکن شاہ رُخ خان مزاحیہ طور پر کہتے ہیں کہ انہوں نے اس کا مطلب بدل کر ’شہزادے چارلس جیسا چہرہ‘ کردیا تھا۔ ’کیونکہ ناک میری بڑی ہے۔‘