کینیڈا میں قتل ہونے والے خاندان کو خراجِ عقیدت پیش ’یہ ہمارا شہر ہے‘

بدھ 9 جون 2021 21:30

کینڈا میں قتل ہونے والے مسلمان خاندان کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے منعقد کی گئی تقریب میں وزیراعظم جسٹن ٹروڈو سمیت ہزاروں کی تعداد میں افراد نے شرکت کی ہے۔
برطانوی خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق وزیراعظم جسٹن ٹروڈو نے مسجد کے سامنے پھول رکھنے کے بعد تقریب سے خطاب میں کہا کہ ’ان کی حکومت واقعے کے حوالے سے کارروائی کرے گی،‘ تاہم انہوں نے اس حوالے سے مزید تفصیل نہیں دی۔    
انہوں نے مزید کہا کہ یہ ’برائی پر مبنی ایک اقدام تھا، لیکن یہاں موجود لوگوں کی روشنی، افضال کے خاندان کے لوگوں کی روشنی اندھیرے پر غالب ہوگی۔‘
مزید پڑھیں
یاد رہے کہ اتوار کو کینیڈا کے صوبے اونٹاریو کے شہر لندن میں ایک ٹرک ڈرائیور نے مسلمان خاندان کے چار افراد کو ٹرک سے کچل کر ہلاک کر دیا تھا۔ پولیس کے مطابق ’مذہب کی بنیاد پر اس خاندان کو نشانہ بنایا گیا تھا۔‘
ہلاک ہونے والوں میں 46 سالہ سلمان افضل، ان کی 44 سالہ اہلیہ مدیحہ سلمان، ان کی 15 سالہ بیٹی کےعلاوہ سلمان افضل کی 74 سالہ والدہ بھی شامل ہیں، جبکہ زخمی ہونے والا نو سالہ بیٹا ہسپتال میں زیر علاج ہے۔
واقعے کے بعد پولیس نے 20 سالہ کینیڈین نوجوان کو  گرفتار کر لیا تھا۔ زیرحراست نوجوان پر قتل کے چار اور اقدام قتل کاایک الزام عائد کیا گیا ہے۔  
لندن مسلم مسجد کے امام بلال راہل نے تقریب سے خطاب میں کہا کہ ’مذہب، رنگت یا جائے پیدائش کی وجہ سے کسی کو بھی یہ اجازت نہ دیں کہ آپ کو ایسا محسوس کروائیں کہ جیسے یہ آپ کا شہر نہیں ہے۔‘
’یہ ہمارا شہر ہے اور ہم یہاں سے کہیں نہیں جا رہے۔‘
تقریب کے شرکا کی اکثریت نے کورونا وائرس کی پابندیوں پر عمل کرتے ہوئے ماسک پہن رکھے تھے۔ اونٹاریو میں کورونا وائرس کے باعث لگی پابندیوں کے باوجود حکومت نے تقریب منعقد کرنے کی خصوصی اجازت دی تھی۔
تقریب میں کینیڈا میں حزب اختلاف کے لیڈر سمیت دیگر سیاسی رہنماؤں نے بھی شرکت کی۔