ہرارے ٹیسٹ: پاکستان کے چار وکٹوں پر 268 رنز، عابد علی کی سینچری

جمعہ 7 مئی 2021 18:02

عابد علی اور اظہر علی کے درمیان تیسری وکٹ کی شراکت میں 236 رنز بنے۔ (فوٹو: پی سی بی)

پاکستان اور زمبابوے کے درمیان ہرارے میں کھیلے جانے والے دو ٹیسٹ میچز کی سیریز کے دوسرے میچ  کے پہلے دن کا کھیل ختم ہوگیا ہے۔
آج جمعے کو ٹاس جیت کر پاکستان نے پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔
کھیل کے پہلے دن کے اختتام تک پاکستان نے 90 اوورز میں چار وکٹوں کے نقصان پر 268 رنز بنائے ہیں۔ عابد علی 118 اور ساجد خان ایک رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ ہیں۔
مزید پڑھیں
پاکستان کی جانب سے عابد علی اور عمران بٹ نے اننگز کا آغاز کیا لیکن عمران بٹ صرف دو رنز بنا کر ہی رچرڈ نگاروا کی گیند پر کیچ آؤٹ ہو گئے۔
اس کے بعد ون ڈاؤن آنے والے اظہر علی نے عابد علی کے ساتھ مل بیٹنگ لائن کو سنبھال لیا۔ دونوں کے درمیان 236 رنز کی شراکت داری بنی۔ جبکہ اظہر علی نے 198 گیندوں پر 15 چوکوں کی مدد سے اپنی سینچری مکمل کی۔ وہ 126 رنز بنا کر بلیسنگ مرزبانی کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔
کپتان بابر اعظم صرف دو رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ انہیں بلیسنگ مرزبانی نے کیچ آؤٹ کیا۔
ان کے بعد آنے والے فواد عالم بھی پانچ رنز بنا کر مرزبانی کی ہی گیند پر بولڈ ہو گئے۔
آج کے میچ میں دونوں ٹیموں نے تبدیلیاں کی ہیں۔ پاکستان کی طرف سے تابش خان نے ڈیبیو کیا ہے جبکہ زمبابوے نے لیوک جونگوے کو موقع دیا ہے۔
خیال رہے کہ پہلے ٹیسٹ میچ میں پاکستان نے زمبابوے کو ایک اننگز اور 116 رنز سے شکست دی تھی جبکہ اس سے قبل ٹی ٹوئنٹی سیریز بھی 2-1 سے جیتی تھی۔