ہرارے ٹیسٹ کا پہلا دن پاکستان کے نام

پاکستان اور زمبابوے کے درمیان دو ٹیسٹ میچز کی سیریز کے پہلے میچ کا آغاز آج جمعرات کو ہرارے میں ہوا ہے۔
پہلے دن کے کھیل کے اختتام تک پاکستان نے 30 اوورز میں بغیر کسی نقصان کے 103 رنز بنائے ہیں۔ جبکہ اسے اننگز کا خسارہ ختم کرنے کے لیے ابھی بھی 73 رنز درکار ہیں۔۔
عابد علی 56 اور عمران بٹ 43 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ ہیں۔عابد علی نے 80 گیندوں پر نو چوکوں کی مدد سے اپنی نصف سینچری مکمل کی۔ 
اس سے قبل زمبابوے کی ٹیم پہلی اننگز میں 176 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی تھی۔
زمبابوے نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو اس کے حق میں اچھا ثابت نہ ہوا اور حسن علی نے صفر پر کیون کاسوزا کو بولڈ کر دیا۔
مزید پڑھیں
اس کے بعد پرنس میسوور اور تریسائی مساکنڈا کے درمیان 18 رنز کی شراکت داری بنی جس کے بعد شاہین شاہ آفریدی نے زمبابوے کی بیٹنگ لائن کو جھٹکا دیتے ہوئے پرنس میسوور کو آؤٹ کر دیا۔
تریسائی مساکنڈا بھی کچھ خاص نہ کر سکے اور صرف 14 رنز بنا کر نعمان علی کی گیند پر بولڈ ہو گئے۔ 
زمبابوے کو چوتھا نقصان کپتان برینڈن ٹیلر کی وکٹ کا اٹھانا پڑا، وہ ہانچ رنز بنا کر حسن علی کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔

اس کے ملٹن شمبا اور رائے کایا نے اننگز کو سسنبھالا اور ٹیم کے سکور کو آگے بڑھایا۔ دونوں کے درمیان 59 رنز کی شراکت داری بنی۔ جس کے بعد ملٹن شمبا 27 رنز بنا کر رن آؤٹ ہو گئے۔
زمبابوے کے چھٹے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی رائے کایا تھے وہ بدوسمتی سے اپنی نصف سینچری مکمل نہ کر سکے اور 48 رنز بنا حسن علی کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو گئے۔
اس کے بعد ریگس چکابوا بھی 19 رنز بنا کر حسن علی کا نشانہ بنے۔

حسن علی نے چار کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ (فوٹو: پی سی بی)
جبکہ ٹینڈائی چیسورو، بلیسنگ مزربانی اور رچرڈ نگاروا کو شاہین شاہ آفریدی نے بولڈ کیا۔
پاکستان کی طرف سے شاہین شاہ آفریدی اور حسن علی نے چار، چار کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
آج کے میچ میں زمبابوے کی جانب سے تین اور پاکستان کی جانب سے ایک کھلاڑی نے ڈیبیو کیا ہے۔
پاکستان نے ساجد خان کو ٹیسٹ کیپ دی ہے جبکہ زمبابوے کی جانب سے رائے کایا، ملٹن شمبا اور رچرڈ نگاروا کو ٹیسٹ کیپ ملی ہے۔