یونس خان بیٹنگ کوچ کے عہدے سے الگ ہوگئے

منگل 22 جون 2021 10:43

پی سی بی کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان کے مطابق فیصلہ باہمی مشاورت کے بعد کیا گیا ہے۔ (فوٹو: پی سی بی)

پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان یونس خان قومی کرکٹ ٹیم کے بیٹنگ کوچ کے عہدے سے الگ ہو گئے ہیں۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے منگل کو جاری ہونے والی پریس ریلیز میں بتایا گیا ہے کہ ’باہمی مشاورت کے بعد راہیں جدا کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔‘
پی سی بی کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان کا کہنا ہے کہ یونس خان جیسی قدآور اور تجربہ کار شخصیت کو کھونا افسوس ناک ہے، تاہم طویل باہمی مشاورت کے بعد یہ فیصلہ کیا گیا ہے۔
مزید پڑھیں
یونس خان کو پچھلے سال نومبر میں دو سال کے لیے بیٹنگ کوچ مقرر کیا گیا تھا۔
وسیم خان کے مطابق وہ مختصر دورانیے کے لیے قومی کرکٹ ٹیم کے لیے یونس خان کی خدمات کا اعتراف کرتے ہیں اور پُرامید ہیں کہ وہ اپنے تجربے اور قابلیت کے تبادلے کے لیے مستقبل میں بھی پی سی بی کو دستیاب ہوں گے۔
پی سی بی اور یونس خان نے اس معاملے پر مزید کسی تبصرے سے گریز کرنے پر اتفاق کیا ہے۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ اب دورہ انگلینڈ میں قومی کرکٹ ٹیم کو بیٹنگ کوچ کی خدمات میسر نہیں ہوں گی تاہم دورہ ویسٹ انڈیز کے لیے یونس خان کے متبادل کا فیصلہ مناسب وقت پر کیا جائے گا۔
خیال رہے قومی کرکٹ ٹیم کا دورہ انگلینڈ 25 جون سے 20 جولائی تک شیڈول ہے۔ اس دورے میں تین ون ڈے اور تین ٹی 20 انٹرنیشنل میچز کھیلے جائیں گے۔
قومی کرکٹ ٹیم 21 جولائی کو ویسٹ انڈیز روانہ ہوگی جہاں 24 اگست تک پانچ ٹی 20 اور دو ٹیسٹ میچز کھیلے جائیں گے۔