’یکم اگست سے ویکسینیشن سرٹیفکیٹ کے بغیر ہوائی سفر کرنے پر پابندی‘

جمعہ 9 جولائی 2021 16:59

این سی او سی نے تمام سیاحتی مقامات پہ جانے والے افراد پر بغیر ویکسینیشن سرٹیفکیٹ کے سفر پر عائد پابندی کو یقینی بنانے کے لیے احکامات جاری کر دیے ہیں۔ (فوٹو: اے ایف پی)

پاکستان میں کورونا وائرس کے حوالے سے معاملات دیکھنے والے ادارے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے یکم اگست سے ویکسینیشن سرٹیفکیٹ کے بغیر ہوائی سفر کرنے پر پابندی عائد کر دی ہے۔
ملک میں کورونا وائرس کی چوتھی لہر کے خطرے کے پیش نظر این سی او سی نے جمعے کو پاکستان کے تمام سیاحتی مقامات پر جانے والے 30 سال یا اس سے زائد عمر کے افراد پر بغیر ویکسینیشن سرٹیفکیٹ کے سفر اور ہوٹل بکنگ پر عائد پابندی کو یقینی بنانے کے لیے احکامات جاری کر دیے ہیں۔
مزید پڑھیں
این سی او سی کی ہدایات کے مطابق یکم اگست سے اس پابندی کا اطلاق 18 سے 30 سال تک کے افراد پہ بھی ہوگا۔ اس ضمن میں تمام متعلقہ اداروں کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔
قبل ازیں این سی او سی نے انتباہ کیا کہ پاکستان میں ڈیلٹا وائرس کے کیسز سامنے آنے لگے ہیں جو کورونا کی چوتھی لہر بھی ہو سکتی ہے۔
’اگر ڈیلٹا وائرس پہ قابو پانے کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار نہ کی گئیں تو خطرناک نتائج کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔‘
این سی او سی کے مطابق اس وائرس کی وجہ سے انڈیا نے نہ صرف لاکھوں اموات کا سامنا کیا بلکہ ہسپتالوں میں آکسیجن کی کمی کے باعث عوام بے یار و مددگار اذیتیں جھیلتے رہے۔
خیال رہے کہ گذشتہ روز وزیراعظم عمران خان نے بھی ڈیلٹا وائرس کے حوالے انتباہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’اس وقت کورونا کی نئی قسم ڈیلٹا مسئلہ بنی ہوئی ہے، اس لیے عوام احتیاط کریں اور ماسک لازمی پہنیں۔
ان کے مطابق ’یہ کورونا کی یہ قسم افغانستان، انڈونیشیا اور دوسرے ملکوں تک بھی پہنچ چکی ہے۔
وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ ’لوگ ایس او پیز سے تھک چکے ہیں لیکن اب بھی ضروری ہے کہ ماسک کی پابندی لازمی کی جائے۔‘
عمران خان کے مطابق ’جب تک سب کو ویکسین نہیں لگ جاتی، کورونا کی نئی لہریں آتی رہیں گی۔‘