وفاقی وزیر ہوا بازی غلام سرور خان کا کہنا ہے کہ ’20 جولائی تک بیرون ملک پھنسے تمام پاکستانیوں کو باعزت طریقے سے پاکستان لایا جائے گا۔‘
جمعے کو قومی اسمبلی میں بیرون ملک پھنسے پاکستانیوں کے معاملے پر بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ’نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر نے کچھ ممالک کے فلائٹ آپریشنز کو 20 فیصد سے بڑھا کر40 فیصد کردیا ہے۔‘
مزید پڑھیں
انہوں نے بتایا کہ ’ہوابازی ڈویژن نے مطالبہ کیا ہے کہ 60 سے 70 فیصد فلائٹس آپریشن کی اجازت دی جائے۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’این سی او سی نے یورپ، برطانیہ، چین اور دیگر ممالک کی پروازوں کو 40 فیصد تک بڑھایا۔‘
’اس وقت تک 290 فلائٹس کے ذریعے 54 ہزار 916 پاکستانیوں کو واپس لائے ہیں۔’
بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے بارے میں ان کا کہنا تھا کہ ’اوورسیز پاکستانی ملک کا سب سے بڑا اثاثہ ہیں۔ وہ پاکستانی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں۔‘
انہوں نے بتایا کہ ’75 لاکھ پاکستانیوں نے 29 ارب ڈالر کا زرمبادلہ پاکستان بھجوایا۔‘
واضح رہے کہ کچھ روز قبل پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز (پی آئی اے) نے خلیجی ممالک سے پاکستانیوں کو واپس لانے کے لیے 18 اضافی پروازیں چلانے کا فیصلہ کیا تھا۔

غلام سرور کا کہنا تھا کہ ’اس وقت تک 290 فلائٹس کے ذریعے 54 ہزار 916 پاکستانیوں کو واپس لائے ہیں‘ (فائل فوٹو: اے ایف پی)